ممبئی،13اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر مملکت برائے دفاعی امور سبھاش بھامرے نے کہا کہ اگر پاکستان کلبھوشن جادھو کے خلاف سزائے موت پر عمل کرتا ہے تو اسے ایک ہندوستانی شہری کا قتل تصور کیا جائے گا۔بھامرے نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے حکام کو سخت پیغام دیا ہے کہ جس طرح فوجی عدالت نے فیصلہ سنایاہے ، وہ شفاف نہیں ہے اور دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے مطابق بھی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جادھو کے خلاف ملے مبینہ ثبوتوں کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں،ہم یہ بھی جاننا چاہ رہے ہیں کہ کن دفعات کے تحت اس پر سماعت کی گئی کہ پاکستان نے موت کی سزا سنانا ضروری سمجھا۔انہوں نے کہا کہ اگر اس فیصلہ پر عمل کیا گیا ،تو ہم نے اسے ایک ہندوستانی شہری کا قتل مانیں گے، کسی بھی صورت میں ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔جادھو کو بچانے کے لیے مرکز کی طرف سے اٹھائے جا رہے اقدامات کی تفصیلات دینے سے انکار کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع نے کہا کہ ہم پاکستان پر ہر ممکن عالمی دباؤ ڈال رہے ہیں، ہمیں پختہ یقین ہے کہ جلد ہی مثبت نتیجے سامنے آئیں گے ۔قابل ذکرہے کہ پاکستانی فوجی عدالت نے 46سالہ جادھو کو جاسوسی کے الزام کے تحت حال ہی میں سزائے موت سنائی ہے۔